Namaz Janaza ka tariqa | نمازجنازہ کی نیت اور طریقہ
"نیت" دل کے ارادے کا نام ہے، اس کے لیے زبان سے الفاظ کی ادائیگی ضروری نہیں ہے، بلکہ زبان سے نیت کے الفاظ کی ادائیگی نہ تو حضور ﷺ سے ثابت ہے اور نہ ہی صحابہ کرام و ائمہ مجتہدین سے، اسی لیے بعض فقہاءِ کرام نے زبان سے نیت کے الفاظ کہنے کو بدعت قرار دیا ہے، لہٰذا نمازِ جنازہ شروع کرنے سے پہلے بطورِ نیت کہنے کے لیے مخصوص الفاظ نہیں ہیں، بس دل میں یہ نیت ہو ’’ اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے فلاں میت کی نمازِ جنازہ ادا کررہاہوں اور امام کی اقتدا میں ہوں"۔
نمازِ جنازہ کا طریقہ یہ ہے کہ جنازہ کو سامنے رکھ کر امام اس کے سینہ کے بالمقابل کھڑا ہو اور باقی لوگ امام کے پیچھے صفیں بنا کر کھڑے ہوں ۔ حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک عورت کی نماز ِ جنازہ پڑھائی اور وسط ( درمیان ) میں کھڑے ہوئے ۔
صحيح البخاري (2/ 89):
یعنی کسی بھی مسلمان پر تین صفیں مسلمانوں کی نماز ِ جنازہ نہیں پڑھتیں؛ مگر اللہ اس کے لیے (جنت ) واجب کردیتا ہے ۔ ایک دوسری روایت میں یہ الفاظ ہیں : ’’ مگر اللہ تعالیٰ اس کی مغفرت فرمادیتے ہیں‘‘۔
صفوں کو درست کر نے کے بعد امام چار تکبیر کہے اور مقتدی بھی چار تکبیریں کہیں؛ مگر صرف پہلی تکبیر پر کانوں تک ہاتھ اٹھائیں، جیسا کہ عام نمازوں میں کانوں تک اٹھا تے ہیں اور بعد کی تین تکبیروں میں ہاتھ نہ اٹھائیں ۔ پہلی تکبیر پر ہاتھ اٹھاکر باندھ لیں، جیسے عام نمازوں میں باندھتے ہیں۔ پھر ثناء پڑھیں جیسے عام نمازوں میں ثناء پڑھی جاتی ہے ۔ پھر دوسری تکبیر کہہ کر درود شریف پڑھاجائے جیسے کہ نماز میں درود ابراہیمی پڑھا جاتا ہے ۔ پھر تیسری تکبیر کہہ کر میت کے لیے دعاکریں ، اگر میت بالغ مرد یا عورت ہے تو یہ دعا پڑھیں:
"اَللّٰهمَّ اغْفِرْ لِحَیِّنَا وَ مَیِّتِنَا وَ شَاهدِناَ وَ غَائِبِنَا وَ صَغِیْرِناَ وَ کَبِیْرِناَ وَ ذَکَرِناَ وَ اُنْثاَنَا ، اَللّٰهمَّ مَنْ أَحْیَیْتَه مِنَّا فَأَحْیِه عَلَی الِاسْلَامِ وَمَنْ تَوَفَّیْتَه مِنَّا فَتَوَفَّه عَلَی الِایْمَانِ".
اور میت اگر نابالغ ہو تو لڑکے کے لیے یہ دعا پڑھیں :
"اَللّٰهمَّ اجْعَلْه لَنَا فَرَطاً وَّ اجْعَلْه لَنَا اَجْراً وَّ ذُخْرا وَّ اجْعَلْه لَنَاشَافِعًا وَّ مُشَفَّعًا".
اور نابالغ لڑکی ہو تو اسی دعا کو اس طرح پڑھیں:
" اَللّٰهمَّ اجْعَلْها لَنَا فَرَطاً وَّاجْعَلْها لَنَا أَجْراً وَّ ذُخْراً وَّ اجْعَلْهالَنَا شَافِعَةً وَّ مُشَفَّعَةً".
پھر چوتھی تکبیر کہہ کر دونوں طرف سلام پھیردیں